کیا ہم واقعی ایک اذیت پسند قوم بن چکے ہیں ؟؟؟

مشتاق احمد یوسفی صاحب لکھتے ہیں:

میں آفس میں آتے ہی ایک کپ چائے ضرور پیتا ہوں۔ اُس روز ابھی میں نے پہلا گھونٹ ہی بھرا تھا کہ اطلاع ملی: کوئی صاحب مجھ سے ملنا چاہتے ہیں۔میں نے کہا: بھجوا دیجئے۔ تھوڑی دیر بعد دروازہ کھلا اور شلوار قمیض پہنے گریبان کے بٹن کھولے گلے میں کافی سارا ٹیلکم پاوڈر لگائےہاتھوں میں مختلف قسم کی مُندریاں اور کانوں میں رِنگ پہنے ہوئے ایک نیم کالے صاحب اندر داخل ہوئے۔ سلام لیا اور سامنے بیٹھ گئے۔

ان کا ڈیل ڈول اچھا تھا، اس لیے میں نے خود کو قابو میں رکھا اور آنے کا مقصد پوچھا۔ اُس نے محتاط نظروں سے اِدھر اُدھر دیکھا‘ پھر ٹیبل پر آگے کو جھک کر بولا ''میں بھی ایک مراثی ہوں۔

میں بوکھلا گیا، کیا مطلب.؟ وہ تھوڑا قریب ہوئے‏اور بولے ''مولا خوش رکھے میں کافی دنوں سے آپ سے ملنا چاہ رہا تھا سنا ہے آپ بھی میری طرح... میرا مطلب ہے آپ بھی لوگوں کو ہنساتے ہیں؟

میں نے جلدی سے کہا، ہاں لیکن میں مراثی نہیں ہوں۔

"اچھی بات ہے" وہ اطمینان سے بولے ''میں نے بھی کبھی کسی کو اپنی حقیقت نہیں بتائی۔

میرا خون کھول اٹھا۔ عجیب آدمی ہو تم، تمہیں لگتا ہے کہ میں جھوٹ بول رہا ہوں؟ یہ دیکھو میرا شناختی کارڈ... ہم یوسف زئی ہیں۔

وہ کارڈ دیکھتے ہی چہکا۔مولا خوش رکھے... وہی بات نکلی ناں..

 میرا دل چاہا کہ اچھل کر اُس کی گردن دبوچ لوں‘ لیکن کم بخت ڈیل ڈول میں میرے قابو آنے والا نہ تھا۔

وہ پھر بولا مجھے نوکری چاہیے۔

میں پہلے چونکا‘ پھر غصے سے بھڑک اٹھا ''یہ کوئی کمرشل تھیٹر کا دفتر نہیں ہے‘تم نے کیسے سوچ لیا کہ یہاں مراثی بھرتی کیے جاتے ہیں؟

وہ کچھ دیر مجھے گھورتا رہا‘ پھر اپنی مندری گھماتے ہوئے بولا ''یہاں نہ سہی‘ کسی دوسرے دفتر میں ہی کام دلوا دیں۔

میں کوئی سخت جواب دینے ہی والا تھا‏کہ اچانک میرے ذہن میں ایک اچھوتا خیال آیا اور میں مسکرا اٹھا۔ آفس بوائے سے اُس کے لیے بھی چائے لانے کے لیے کہا اور خود اُٹھ کر اُس کے ساتھ والی کرسی پر آ کر بیٹھ گیا۔

اس کی آنکھوں میں الجھن سی اُتر آئی۔ میں نے اُس کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور کہا، ‏سنو! تمہیں بہت اچھی نوکری مل سکتی ہے‘ اگر تم مجھے ہنسا کے دکھا دو۔ وہ ہونقوں کی طرح میرا منہ دیکھنے لگا۔ میں نے اُس کی حالت کا مزا اٹھاتے ہوئے اُسے زور سے ہلایا ''ہیلو! ہوش کرو بتاؤ‘ یہ چیلنج قبول ہے؟؟

اُس نے کچھ دیر پھر مندری گھمائی اور نفی میں سر ہلا دیا. میں حیران رہ گیا‘ وہ مراثی ہونے کے باوجود مجھ جیسے اچھے خاصے معزز انسان سے ہار مان رہا تھا۔

میں نے وجہ پوچھی تو اُس نے عجیب سا جواب دیا ''میں نے لوگوں کو ہنسانا چھوڑ دیا ہے۔ میں اچھل پڑا ''یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ اُس نے لمبا سانس لیا اور بیزاری سے بولا ''لوگ اب ہنسنا چھوڑ چکے ہیں۔ میں نے ایک زوردار قہقہہ لگایا ''یہ تمہاری غلط فہمی ہے.. دنیا آج بھی ہنستی ہے، مزاحیہ تحریریں پڑھتی ہے‘ مزاحیہ ڈرامے دیکھتی ہے، جگتیں پسند کرتی ہے۔ اُس نے اپنی مندری نکال کر دوسری انگلی میں پہنی. ‏اور اپنی بڑھی ہوئی شیو پر خارش کرتے ہوئے بولا ''دنیا ہنستی نہیں دوسروں کی ذلت پر خوش ہوتی ہے‘‘

میں نے پھر قہقہہ لگایا وہ کیسے؟

اُس نے قمیض کی سائیڈ والی جیب سے سستے والے سگریٹ کی مسلی ہوئی ڈبی نکالی اور میری طرف اجازت طلب نظروں سے دیکھا‘ میں نے ایش ٹرے اُس کے سامنے رکھ دی۔

‏اُس نے شکریہ کہا اور سگریٹ سلگا کر گہرا کش لیا۔ میں اُس کےجواب کا منتظر تھا۔ تھوڑی دیر خاموشی رہی پھر اُس کی آواز آئی ''آپ کا منہ فلسطین کے لومڑ جیسا ہے۔" مجھے گویا ایک کرنٹ سا لگا اور میں کرسی سے پھسل گیا۔ میری رگ رگ میں طوفان بھر گیا۔ وہ میرے دفتر میں بیٹھ کر‏مجھے ہی لومڑ کہہ رہا تھا‘ بات تو سچ تھی مگر بات تھی رسوائی کی۔ میرا چہرہ سرخ ہو گیا۔

 اس سے پہلے کہ میں اُس پر چائے کا گرم گرم کپ انڈیل دیتا‘ وہ جلدی سے بولا ''آپ کا ایک جگری دوست شہزاد ہے ناں؟‘‘

میں پوری قوت سے چلایا ''ہاں ہے...پھر؟

وہ فوراً بولا ''اُس کی شکل بینکاک کے جمعدار جیسی ہے۔" میں نے بوکھلا کر اُس کا یہ جملہ سنا ... کچھ دیر غور کیا اور پھر بے اختیار میری ہنسی چھوٹ گئی... میں ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگیا۔ تین چار منٹ تک آفس میں میرے قہقہے گونجتے رہے بڑی مشکل سے میں نے خود پر قابو پایا اور ‏دانت نکالتے ہوئے کہا ''شرم کرو... وہ میرا دوست ہے۔ میری بات سنتے ہی مراثی نے پوری سنجیدگی سے کہا ''ایسی ہنسی آپ کو اپنے اوپر لگنے والی جگت پر کیوں نہیں آئی؟ میں یکدم چونک اٹھا‘ ساری بات میری سمجھ میں آ گئی تھی...ہمارے معاشرے میں واقعی وہ چیز زیادہ ہنسی کا باعث بنتی ہے جس میں کسی دوسرے کی ذلت کا سامان ہو‘ یہی وجہ ہے کہ سٹیج ڈراموں اور عام زندگی میں جب ہم کسی دوسرے کو ذلیل ہوتے دیکھتے ہیں تو ہمارے دل و دماغ فریش ہو جاتے ہیں۔کوئی بندہ چلتے ہوئے گر جائے، کسی کی گاڑی خراب ہو جائے‏کسی کے پیچھے کتا دوڑ لگا دے، کسی کی بس نکل جائے اور وہ آوازیں لگاتا رہ جائے تو ہماری ہنسی نہیں رکتی۔ یہی عمل اگر ہمارے ساتھ ہو اور دوسرے ہنسیں تو ہم غصے سے بھر جاتے ہیں۔

گویا ہنسنے کے لیے کسی کا ذلیل ہونا لازمی امر قرار پا چکا ہے۔ ‏یہی رویہ ہماری زندگی کے ہر پہلو میں در آیا ہے. ہمیں اپنے سکھ سے اتنی راحت نہیں ملتی جتنے کسی کے دکھ ہمیں سکون دیتے ہیں۔



تاریخ ہائے قبل مسیح

سن عیسوی سے کہیں زیادہ مشکل ان تاریخوں کا یا درکھنا ہے، جن کے بعد میں قبل مسیح آتا ہے، اس لیے کہ یہاں مورخین گردش ایام کو پیچھے کی طرف دوڑاتے ہیں۔ ان کو سمجھنے اور سمجھانے کے لیے ذہنی شیش آسن کرنا پڑتا ہے، جو اتنا ہی دشوار ہے، جتنا اُلٹے پہاڑے سنانا۔ بھولے بھالے بچوں کو جب یہ بتایا جاتا ہے کہ رُوم کی داغ بیل ۷۵۳ قبل مسیح میں پڑی تو وہ اپنے نھے ننھے ہاتھ اٹھا کر یہ سوال کرتے ہیں کہ اس زمانے کے لوگوں کو یہ کیسے پتا چل گیا کہ حضرت عیسی کے پیدا ہونے میں ابھی ۷۵۳ سال باقی ہیں۔ ان کی سمجھ میں یہ نہیں آتا کہ ۷۵۳ ق م کو ساتویں صدی شمار کریں یا آٹھویں۔ عقل مند استادان جاہلا نہ سوالات کا جواب عموماً خاموشی سے دیتے ہیں۔ آگے چل کر جب یہی بچے پڑھتے ہیں کہ سکندر ۳۵۶ ق م میں پیدا ہوا اور ۳۲۳ ق م میں فوت ہوا تو وہ اسے کتابت کی غلطی سمجھتے ہوئے اُستاد سے پوچھتے ہیں کہ یہ بادشاہ پیدا ہونے سے پہلے کس طرح مرا؟ اُستاد جواب دیتا ہے کہ پیارے بچو! اگلے وقتوں میں ظالم بادشاہ اسی طرح مرا کرتے تھے ( مشتاق احمد یوسفی)




ایک جلے تن بزرگ جو رسالہ زمانہ میں کاتب تھے فرمانے لگے وہ چھاکٹا یہ نہیں چرکٹا بھی ہے۔ پچیس روپے کی رسید لکھوا کر پندرہ رپلی ہاتھ میں ٹکا دے گا۔ پہلے تمہیں جانچے گا، پھر آنکے گا اس کے بعد تمام عمر ہانکے گا۔ اس نے دستخط کرنے اس وقت سیکھے جب چندے کی جعلی رسیدیں کاٹنے کی ضرورت پڑی۔ ارے صاحب! سرسید تو اب جاکے بنا ہے میں نے اپنی آنکھوں سے اسے اپنے نکاح نامے پر انگوٹھا لگاتے دیکھا ہے۔ ٹھوٹھ جاہل ہے۔ مگر بلا کا کڑھا ہوا ہے۔ گھسا ہوا بھی ہے اور گھٹا ہوا بھی۔ ایسا ویسا چپڑ قنات نہیں ہے۔ لقہ بھی ہے، لچہ بھی اور ٹچہ بھی بزرگوار موصوف نے ایک ہی سانس میں پاجی پن کے ایسے باریک شیڈز گنوا دیے کہ جب تک آدمی ہر گالی کے بعد لغت نہ دیکھے یا ہماری طرح عرصہ دراز تک زبان دانوں کی صحبت کے صدمے نہ اٹھائے ہوئے ہو وہ زبان اور نالائقی کی ان نزاکتوں کو نہیں سمجھ سکتا۔

مشتاق احمد یوسفی =

چھاکٹا ۔ زور آور، غنڈا نما

چرکٹا ۔ زبان دراز

آنکے گا ۔ قیمت لگائے گا

ٹھوٹھ ۔ پکا ، پختہ

کڑھا ہوا ۔ ذہنی طور پر مظبوط

گھسا ہوا ۔ زمانے کی تلخیوں سے واقف

گھٹا ہوا ۔ جسمانی طور پے طاقتور

چپڑ قنات ۔ بیوقوف

لقہ ۔ ذہین

لچہ ۔ چالباز

ٹچہ ۔ حجت باز

پاجی پن ۔ بڑھکپن

Post a Comment

Previous Post Next Post

Featured Post