ایک غلام بچے کی مدد

ڈاکٹرخواجہ عابد نظامی


ہمارے نبی کا ہے یہ واقعہ

نبوت کے اعلان سے قبل کا

 

غلام ایک بچہ، نہایت غریب

نہ تھی جس کو دو وقت روٹی نصیب

 

بہت اس پہ ڈھاتا تھا آقا ستم

لکھے تھے بہت اس کی قسمت میں غم

 

وہ اک روز بے چارہ بیمار تھا

کہ آقا نے یہ حکم اس کو دیا

 

یہ گندم کی بوری نہ پیسی اگر

تو ڈنڈے سے میں لوں گا تیری خبر

 

ہمارے نبی نے سنی جب یہ بات

غریبوں کی ہمدرد تھی جن کی ذات

 

وہ فورا گئے چھوٹے بچے کے پاس

جو بیمار تھا ، اوربہت ہی اداس

 

جسے تھی ضرورت کہ کھائے دوا

مشقت میں بے چارہ تھا وہ جتا

 

یہ دیکھا تو پیارے نبی نے کہا

محمد کے ہوتے نہ غم کر ذرا

 

تو بیمار ہے  بیٹھ آرام کر

نہ اس حال میں اب کوئی کام کر

 

یہ فرماکے وہ والی دو جہاں

لگے پیسنے اس کی گندم وہاں

 

وہ گندم تمام اس کی خود پیس دی

جو مشکل تھی بچے پہ آسان کی

 

کہا پھر یہ بچے سے سرکار نے

کبھی پھر جو میری ضرورت پڑے

 

مجھے یاد کرنا میں آجاؤں گا

تمہاری مصیبت میں کام آؤں گا

 

Post a Comment

Previous Post Next Post

Featured Post