دعا  مناجات،عبادت  ،اطاعت، رازو نیاز اور بہترین ہتھیار ہے ۔یہ  ایسا عمل ہے جو تقدیرکوبھی بدل سکتا ہے۔ اس لئے آئیں انتہائی خشوع وخضوع اورخلوص سے اول آخر تحمید و ثناء الٰہی وصلاۃ علی الرسول ﷺ پڑھتے ہوئے اور دعا کے تمام آداب ملحوظ رکھتے ہوئے اپنے رب  کے حضور  دعا کے لئے ہاتھ بلند کریں ۔
الحمدللہ رب العالمین، الصلوٰۃ والسلام علی سید الانبیاء والمرسلین
اے اللہ! تمام تعریفیں تیرے ہی لیے ہیں، اے اللہ! جو تو پھیلا دے اسے کوئی سمیٹ نہیں سکتا ، جسے  تو دور کردے اسے کوئی قریب نہیں کرسکتا ، جسے تو قریب کردے اسے کوئی دور نہیں کرسکتا ، جس سے تو قبض کرلے  اسے کوئی دینے والا نہیں ہے اور جسے تو عطاکرے اس سے کوئی چھیننے والانہیں ۔اے اللہ! ہم پر اپنی رحمتیں ،برکتیں، فضل نازل فرما اور بہترین رزق  عطا فرما ۔ اے اللہ! ہم تجھ سے کبھی نہ ختم ہونے والی نعمتوں کا سوال کرتے ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں اور تیری اطاعت میں حائل نہ ہوں ۔ اے اللہ!ہم تجھ سے ہر تنگی میں آسانی اورہر جنگ کے دن امن کا سوال کرتے ہیں۔اے اللہ! ہم ہر وبائی مرض بالخصوص کرونا سے تیری پناہ طلب کرتے ہیں تو ہمیں اور تمام دنیا کو اس موذی مرض سے بچا۔ اے اللہ! ہم تیری پناہ میں آتے ہیں اس چیز کی برائی سے جو تو نے عطا کی اور اس چیز کے شر سے جو تو نے ہم سے روک لی۔اے اللہ ہماری گمراہی کو ہدایت سے، ظلمت کو نورسے ،جہالت کو علم نافع سے، بد امنی کو امن سے،انتشار کو اتفاق سے، کمزوری کو طاقت سے ،بزدلی کو بہادری سے،حزن کو خوشی سے،سنگدلی کو نرم دلی سے،مایوسی کو امید سے،شکستگی کو سلامتی سے ،مرض کو صحت سے،کج روی کو صراط مستقیم سے تبدیل کردے۔اورہمیں سکون،محبت،طمانیت،قناعت، حوصلہ عطافرما جوہم سے روٹھ چکا ہے۔
اے اللہ ! رمضان کی بابرکت ساعتوں کے ہمارے لئے نافع و سعید بنا، ہمیں آخرت کی تیاری کی توفیق عطا فرما،اورہم تیرے حبیب لبیب ﷺ کے قول کے مطابق اس رمضان کو اپنی مغفرت کا ذریعہ بنالیں۔ا ے ہمیں شب قدر جو کہ ہزار مہینوں سے افضل ہے اس میں عبادت کی توفیق عطا فرما۔ اے اللہ ہم ان مبارک گھڑیوں کو تیری عبادت  وحصول رضا کے لئے استعمال کریں۔ آمین بجاہ سید الامین ﷺ
فسھل یاالھی کل صعب
بحرمۃ سید الابرارسھل

Post a Comment

Previous Post Next Post

Featured Post