اے حواس باختہ من!
کیا خیال ہے کہ نماز جیسی بندگی کی
ادائیگی بے نتیجہ اور بے فائدہ ہے؟ اور کیا اس کی اُجرت اتنی معمولی ہے کہ تم نے
اس سے اکتانا شروع کر دیا ہے؟ جبکہ حالت یہ ہے کہ ہم میں سے کسی کو اگر کوئی آدمی
کچھ پیسوں کا لالچ دے کر یا ڈرا دھمکا کر کسی کام پر لگا دے تو کسی تھکاوٹ یا
اکتاہٹ کا مظاہر کیے بغیر شام تک پوری محنت سے کام کرتا رہے گا!
بے شک وہ نماز جو اس عارضی مہمان
سرا میں تمہارے اس عاجز، فقیر اور مسکین دل کے لیے قوت اور سکون کاباعث ہے، جو
نمازتیرے اُس تاریک گھر یعنی قبر کے لیے غذا اور ضیاء ہے جہاں تو عنقریب جا رہا
ہے، جو اُس عدالت یعنی محشر کے لیے تمہاری برأت اور نجات کا پروانہ ہے جہاں تم
عنقریب پیش کئے جاؤ گے، اور جو نماز تمہارے لیے اُس پل صراط پر روشنی اور برّاق
بنے گی جس پر سے تمہیں بہر صورت گزرنا ہے…جس نماز کے یہ عظیم الشان نتائج ہیں کیا
وہ بے نتیجہ اور بے فائدہ ہے؟ یا وہ معمولی اجرت کی حامل ہے؟
اگرکوئی آدمی تمہیں سو دن کام کرنے
کے عوض سو ڈالر دینے کا وعدہ کرے تو تم اس کے اس وعدے پر اعتبار کرتے ہوئے پوری
مستعدی کے ساتھ کسی بھی تھکاوٹ یا اکتاہٹ کا اظہار کئے بغیر کام کرتے رہو گے،
حالانکہ یہ ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے وعدے کے خلاف ورزی کر جائے، تو اس ذات کے بارے میں
کیا خیال ہے جس نے تمہارے ساتھ وعدہ کیا ہے اور وہ وعدے کی کبھی بھی خلاف ورزی نہیں
کرتا ہے؟ اس کے ہاں وعدہ کی خلاف ورزی محال ہے۔ اس نے تم سے ایک اجرت اور معاوضہ دینے
کا وعدہ کیا ہے، اور وہ ہے جنت، اس نے تمہارے ساتھ تمہیں ابدی سعادت سے نوازنے کا
وعدہ کیا ہے، صرف ایک ایسا وظیفہ ادا کرنے کے بدلے میں جو انتہائی آسان، راحت بخش
اور پر لطف ہے اور بہت تھوڑا وقت لیتا ہے۔ تم یہ سوچتے نہیں کہ اگر تم اس معمولی
سے وظیفے اور چھوٹی سی خدمت کو سرانجام دینے کے لیے کمر بستہ نہ ہوئے، یا سر انجام
تو دیا لیکن بے دلی سے اور تسلسل کے ساتھ نہیں، تو تم اس کے تحفے کی توہین کرو گے
اور اس کے وعدے کو شک کی نظر سے دیکھو گے! تو کیا ایسی صورت میں اے جانِ من! تم
تأدیب، گوشمالی اور سزا کے مستحق نہیں ٹھہرو گے؟ کیا جہنم جو کہ ایک ابدی قید
خانہ ہے، اس کا خوف اس انتہائی ،آسان اور لطیف وظیفہ کو ادا کرنے کے لیے تمہاری
ہمت نہیں بندھاتا ہے؟تمہیں برانگیختہ نہیں کرتا ہے؟ جبکہ یہ بات تو سب جانتے ہیں
کہ تم دنیا کے اس قید خانے کے خوف سے بڑے پرمشقت اور کمر توڑ کام بغیر کسی تھکاوٹ
اور اکتاہٹ کے انجام دیتے ہو، دنیا کا یہ قید خانہ جہنم کے ابدی قید خانے کے
مقابلے میں کیا حیثیت رکھتا ہے؟
From the Risale I Nur Collection (مقالات)
Post a Comment